
بہار کے مدھوبنی میں دو شراب اسمگلروں کی موت کے بعد ہجوم کا پولیس پر حملہ
پٹنہ، 12 جولائی (وقت نیوز سروس)۔بہار کے مدھوبنی ضلع کے مدھواپور تھانہ علاقے کے تحت پیروکھر گاؤں میں ہفتہ کے روز پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کے تعاقب کے دوران دو شراب اسمگلروں کی موت کے بعد مشتعل ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ ہلاک شراب اسمگلروں میں رام پریت مکھیا کا بیٹا راج کشور مکھیا ہے۔ جبکہ دوسرا جیتن مکھیا کا بیٹاسچن مکھیا ہے ۔ یہ دونوں سیتامڑھی ضلع کے پپری تھانہ علاقے کے تحت سنگیاہی میں رہتے ہیں۔ ڈی ایس پی نیرج کمار ورما اور ڈی ایس پی امیت کمار نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کو شراب کی اسمگلنگ سے متعلق اطلاع ملی تھی۔ جس کی وجہ سے ڈائل 112کی پولیس اہلکاروں نے شراب اسمگلروں کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ شراب اسمگلروں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر شراب لے کر جا رہے تھے۔ اس دوران مدھواپور تھانہ کی ڈائل 112 گاڑی نے ان کا پیچھا کیا۔ تاہم اس دوران اسمگلروں کی موٹر سائیکل ڈائل 112 سے ٹکرا گئی اور ایک اسمگلر کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ دوسرا سمگلر بری طرح زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے ڈی ایم سی ایچ دربھنگہ لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ اسمگلر کی موت سے ناراض لوگوں نے ان ایچ 552جام کر دیا۔ جس کی وجہ سے کئی کلومیٹر تک جام ہوگیا۔ بعد میں جب پولیس جام کو ہٹانے آئی تو ہجوم نے سب سے پہلے پولیس کو نشانہ بنایا۔پولیس پر پتھراؤ اور ان کے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔ مدھوبنی ایس پی نے پولیس کی گاڑی سے ٹکر میں ایک شخص کی موت اور اس کے بعد ہونے والے ہنگامے کو مدھوبنی کے ایس پی نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ ایس پی یوگیندر کمار نے اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ڈائل 112 کے افسر چندرموہن سنگھ کو معطل کر دیا ہے۔